اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، اتوار کی صبح سے جنوبی لبنان کے وسیع علاقوں پر صہیونی رژیم نے بے مثال اور شدید فضائی، ڈرون اور توپ خانے کے حملے کیے، جن کے نتیجے میں متعدد شہری شہید اور زخمی ہوئے جبکہ رہائشی علاقوں اور بنیادی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔
اس حملہ آور کارروائی میں سب سے زیادہ جانی نقصان قصبہ دیر الزہرانی میں ہوا، جہاں صہیونی جنگی طیاروں نے بلدیہ کے قریب واقع رہائشی گھروں کو براہِ راست نشانہ بنایا۔ اس حملے میں مقامی عشیرہ الکریدین کے افراد سمیت متعدد بے گناہ شہری شہید اور زخمی ہوئے۔ امدادی ٹیمیں اور سول ڈیفنس کے اہلکار اب بھی ملبے تلے دبے شہداء اور زخمیوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔
صہیونی حملوں کا دائرہ صرف دیر الزہرانی تک محدود نہیں رہا بلکہ نبطیہ، کفرتبنیت، شوکین، کفررمان اور صور میں واقع حیرام اسپتال کے اطراف کے علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق صہیونی فوج نے فضائی بمباری کے ساتھ ساتھ ڈرون حملوں کا بھی سہارا لیا۔ برج الشمالی میں کھیتوں میں کام کرنے والے مزدوروں اور قصبیہ میں موٹر سائیکل سوار افراد کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ سرحدی علاقوں پر شدید گولہ باری اور دبین قصبے میں گھروں کو منظم انداز میں دھماکوں سے تباہ کیا گیا۔
جنوبی لبنان کی فضاؤں میں صہیونی جنگی طیاروں اور ڈرونز کی مسلسل پروازیں جاری ہیں، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس کی فضا برقرار ہے اور کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
آپ کا تبصرہ